کسانوں اور صارفین کے مفادات میں توازن کے لیے ’سُفل بنگلہ‘ کا افتتاح

تاثیر 27 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 27/ جنوری (تاثیر بیورو) کسانوں اور صارفین دونوں کے مفادات کو متوازن بنانے، زرعی مارکیٹنگ کے نظام میں شفافیت لانے اور منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانے کے مقصد سے مغربی بنگال حکومت کی رہنمائی اور سرپرستی میں شروع کیے گئے ’سُفل بنگلہ‘ کا باضابطہ افتتاح ریاستی وزیر برائے مارکیٹنگ بیچا رام کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیر برائے اسپورٹس اروپ بسواس، ریاستی وزیر بپلب رائے چودھری، فشریز ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری روشن سین، سکریٹری اونکار سنگھ مینا اور انسپکٹر عبدالسلام (راج) خصوصی طور پر موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر برائے مارکیٹنگ بیچا رام نے اپنے خطاب میں کہا کہ سُفل بنگلہ حکومتِ مغربی بنگال کا ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ دلانا اور صارفین کو معیاری زرعی اجناس مناسب قیمت پر فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم کسانوں اور خریداروں کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دے گا، جس سے درمیانی دلالی نظام میں کمی آئے گی۔
ریاستی وزیر اروپ بسواس نے کہا کہ سُفل بنگلہ نہ صرف زرعی شعبے کو مضبوط کرے گا بلکہ دیہی معیشت کو بھی نئی رفتار دے گا۔ دیگر مقررین نے اس منصوبے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نظام زرعی مارکیٹنگ میں ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی کا سبب بنے گا۔
تقریب کے اختتام پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ سُفل بنگلہ جیسے سرکاری اقدامات سے فائدہ اٹھائیں اور اس کامیاب ماڈل کو مزید مستحکم بنانے میں تعاون کریں۔