یوم جمہوریہ کے موقع پر آئین کی بالادستی قائم کرنے کا عہد کریں : قاضی ارشد رحمانی

تاثیر 28 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام):26/جنوری 2026 ء 77ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر امارت مجیبیہ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ، مہدولی دربھنگہ میں قومی پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، ٹیکنیکل کی مجلس منتظمہ کے چیئرمین جناب عبد الولی نعمانی صاحب نے قومی پرچم لہرایا اس کے بعد انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ نے قومی ترانہ گنگنایا، اس کے بعد ایک تقریب یوم جمہوریہ سے متعلق منعقد ہوئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ کے خازن مفتی ارشد علی رحمانی قاضی شریعت دار القضاء امارت شرعیہ مہدولی دربھنگہ نے پورے ملک کے باشندوں کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر ہم سبھوں کو ملک میں آئین کی بالادستی قائم کرنے کا عہد کرنا چاہیے، ہمیں اونچ نیچ اور بھید بھاؤ کو ختم کرنا چاہیے، اگر کوئی ملک کے قانون کی خلاف ورزی کرے تو اس کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور ٹیکنیکل تعلیم کے ذریعہ اپنے ملک کو ترقی کی بلندی پر پہونچانے کی کوشش کرنی چاہیے ۔پروفیسر عزیز الاسلام نے طلبہ کو قیمتی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تعلیم اس طرح حاصل کرنی چاہیے کہ ہم انسانیت کی خدمت کرنے والے بنیں۔منتظمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین جناب جیلانی صاحب نے کہا کہ بھارت مختلف مذاہبِ کا گلدستہ ہے ہمیں اپنے کردار سے اس کو بچانا چاہیے ۔منتظمہ کے رکن جناب فخر الاسلام صاحب نے کہا کہ ملک کے قانون میں ہر مذہب کے احترام کا خیال رکھا گیا ہم لوگوں کو بھی مل جل کر ہر مذہب کا احترام کرنا چاہیے ۔آخر میں مجلس منتظمہ کے چیئرمین نے کہا کہ آج ہی کے دن بڑی قربانیوں کے بعد ہمیں خوشی منانے کا موقع ملا تھا اس لیے ہمیں ملک کے آئین کا احترام کرتے ہوئے ملک کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہیے ۔چیئرمین صاحب کی گفتگو پر مجلس ختم ہوئی اس موقع پر منتظمہ کمیٹی کے رکن محمد کلیم اللہ رحمانی اور شرف عالم تمنا کے علاوہ محلہ کے معززین انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ کارکنان وطلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔