تاثیر 28 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
جامعہ حنفیہ غریب نواز کٹہل ڈانگی کے زیر اہتمام ایک روزہ عظیم الشان عظمتِ قرآن کانفرنس نہایت ہی تزک و احتشام، دینی جوش و جذبہ اور روحانی ماحول کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔ اس کانفرنس میں دور و نزدیک کے علاقوں سے بڑی تعداد میں علماء کرام، حفاظ، طلبہ اور عوام الناس نے شرکت کی اور قرآن مجید کی عظمت و اہمیت پر خطابات سے فیض یاب ہوئے۔ کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ پروگرام کی صدارت مفتی آفاق عالم صاحب نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا مسلم رضا نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس موقع پر ملک کے معروف علماء کرام نے خصوصی طور پر شرکت کی اور قرآن مجید کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے اپنی زندگی کا ضابطہ بنانے پر زور دیا۔ خصوصی خطیب مفتی محب القادری پٹنہ و دیگر علماء کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ قرآن مجید صرف تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان قرآن کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرلیں تو معاشرے کی تمام برائیاں خود بخود ختم ہو سکتی ہیں۔ مقررین نے نوجوانوں کو قرآن سے جوڑنے، دینی تعلیم حاصل کرنے اور فتنہ و فساد سے دور رہنے کی تلقین کی۔ کانفرنس کے دوران حفظِ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی بھی کی گئی، جس سے مجمع میں روحانی کیفیت پیدا ہو گئی۔ آخر میں صدرِ اجلاس کی دعا پر کانفرنس اختتام پذیر ہوئی، جس میں ملک و ملت کی ترقی، امن و امان، بھائی چارگی اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ کانفرنس کی کامیابی پر مقامی عوام اور منتظمین نے خوشی کا اظہار کیا اور آئندہ بھی اس طرح کے دینی پروگرام منعقد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مفتی ابصار رضا مرکزی، مولانا امام الدین مصباحی، قاری توحید عالم، مولانا تحسین رضا، حافظ انجم، مولانا اکمل رضا، مفتی مزمل، مولانا روح الامین، قاری وصی، جدیو لیڈر محمد نظام الدین وغیرہ موجود رہے۔ وہیں کانفرنس کو کامیاب بنانے میں کمیٹی کے محمد ہارون، محمد حلیم، محمد افتخار، عالمگیر، انور، نجم الحسن، کوثر کے علاوہ درجنوں افراد کا اہم کردار رہا۔

