آئرلینڈ نے خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا

تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کیرتی پور (نیپال)، یکم فروری : آئرلینڈ کی خواتین ٹیم نے اتوار کو تھائی لینڈ کو 62 رنوںسے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس کے ساتھ، آئرلینڈ 2026 کے گلوبل کوالیفائرز کے ذریعے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی، جو کیرتی پور، نیپال میں منعقد ہو رہے ہیں۔
آئرش ٹیم نے سپر سکس مرحلے میں اپنے پانچ میں سے تین میچ جیت کر اس باوقار ٹورنامنٹ میں جگہ حاصل کی۔ اس سے قبل نیدرلینڈز اور بنگلہ دیش نے بھی عالمی کوالیفائرز کے ذریعے ورلڈ کپ میں جگہ حاصل کی تھی۔ آئرلینڈ نے آخری بار 2023 میں ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔
میچ کی بات کریں تو آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو جیت کے لیے 122 رنوں کا ہدف دیا۔ جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم صرف 59 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ آئرلینڈ کی جانب سے آرلین کیلی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ لارا میک برائیڈ نے تین وکٹیں لے کر فتح کو یقینی بنایا۔
لیگ مرحلے میں گروپ اے میں ڈرا ہونے والی آئرلینڈ نے اپنے چار میں سے تین میچ جیتے۔ انہوں نے پاپوا نیو گنی، امریکہ اور نمیبیا کو شکست دی، جب کہ صرف گروپ ٹاپرز بنگلہ دیش سے ہارے۔