سر سید لائبریری ارریہ میں انٹر اسکول بیت بازی مقابلوں کا کامیاب انعقاد

تاثیر 2 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) کو ادارہ ادب اسلامی ہندارریہ میں سر سید لائبریری ، ٹاؤن ہال کیمپس میں بیت بازی کے تاریخی مقابلوں کا انعقاد بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ ان مقابلوں میں ارریہ کے کل 12 بارہ اسکولوں (سرکاری / غیر سرکاری) کے بچوں نے شرکت کیں، تمام اسکولی ٹیم تین طلبہ اور طالبات پر مشتمل تھی۔ 12 ٹیموں کے درمیان دو مرحلوں میں مقابلے کرائے گئے۔ پہلے مرحلے کی نظامت معروف ایڈوکیٹ جناب زیڈ اے مجاہد علیگ نے کی۔ پہلےمرحلے کے بعد دوسرے مرحلے کے لئے چھ اسکولی ٹیموں نے کوالیفائی کیا،  اس مرحلے کی نظامت جناب ارشد انور الف سائنس ٹیچر آزاد اکیڈمی ارریہ نے کی جبکہ حکم کے فرائض ڈاکر توحید انصاری ، عبدالباری زخمی اور پروفیسر علاؤ الدین صاحبان نے انجام دیا، مولانا افروز عالم فلاحی صاحب نے اسکورر اور معاؤن کی ذمداری کو بہتر انداز سے انجام دیا۔ تمام شریک طلبہ اور طالبات نے پوری تیاری کے ساتھ شرکت کی اور ایک سے بڑھ کر ایک اور دل کو چھو دینے والے تعمیری اشعار پیش کر کے سامعین کو خوش کر دیا۔ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر”کلیۃ الصالحات”، ارریہ نے پہلا،”الغزالی انٹر نیشنل اسکول”، ارریہ نے دوسرا اور”النور پبلک اسکول” گیاری، ارریہ نے تیسرا  مقام حاصل کیا جبکہ انفرادی کار کردگی کی بنیاد پر یہ تین بیت باز نقد انعامات سے نوازے گئے، جن میں گل افشاں متعلمہ، کلیة الصالحات، ارریہ، محمد فیصل متعلم اسلامک ایجوکیشنل سنٹر، ارریہ محمد ارمان متعلم،”النور پبلک اسکول، گیاری نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا اور بیت بازی مقابلے کے تمام شرکاء توسیعی اسناد اور قلم سے نوازے گئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ادارہ ادب اسلامی ہند کے نائب صدر اور بیت بازی مقابلہ کمیٹی کے کنو بیز ڈاکٹر ضیاء الرحمن مدنی نے بیت بازی کے ان مقابلوں کو ارریہ کی تاریخ میں ایک نئے باب کی شروعات سے تعبیر کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان مقابلوں سے نئی نسل میں اردو زبان اور شعر وادب سے دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر شرکت کرنے والے بچوں اور مہمانوں نے اپنے تاثرات میں منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور اس طرح کے مقابلے آئندہ بھی منعقد کرانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پروگرام کو اسکولوں کے معلمین و معلمات، بچوں کے سر پرست اور عام مشاہدین کے علاوہ جن سرکردہ شخصیات نے اپنی موجودگی سے رونق بخشی ، ان میں الحاج نیر الزماں صاحب صدر ادارہ، الحاج محمد محسن صاحب سر پرست اداره، انجینئر زبیر عالم صاحب سر پرست اداره کے نام شامل ہیں۔