ہیزل ووڈ ٹی- 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں نہیں کھیلیں گے: سلیکٹر ڈوڈیمائیڈ

تاثیر 2 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سڈنی، 02 فروری : آسٹریلیا کے تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ ٹی – 20ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے کے لیے ٹیم کے ساتھ سری لنکا کا دورہ نہیں کریں گے۔ قومی سلیکٹر ٹونی ڈوڈیمائیڈ نے کہا کہ ہیزل ووڈ فی الحال سڈنی میں ہی رہیں گے اور انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اپنے ریٹرن -ٹو -پلے پروگرام کو جاری رکھیں گے۔
تاہم نیتھن ایلس، ٹم ڈیوڈ، اور گلین میکسویل کولمبو پہنچ چکے ہیں اور وہ منگل کو آسٹریلیائی ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ڈوڈیمائیڈ کے مطابق یہ تینوں کھلاڑی پاکستان سے آنے والی ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے۔
آسٹریلیا اپنے چار ابتدائی میچ کولمبو اور پالے کیلے میں کھیلے گا، جس کا آغاز 11 فروری کو آئرلینڈ کے خلاف میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ 7 فروری سے شروع ہوگا۔
ڈوڈیمائیڈ نے کہا کہ ہیزل ووڈ ابتدائی مرحلے کے دوران سڈنی میں ہی رہیں گے تاکہ وہ واقف ماحول میں اپنی فٹنس پر کام کرسکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شان ایبٹ کو ٹریولنگ ریزرو کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
ڈوڈیمائیڈ نے کہا کہ ’’ناتھن، ٹم اور گلین کولمبو پہنچ چکے ہیں اور ہم ان کے آنے پر پاکستان سے ہماری ٹیم میں شامل ہونے کے لیے پرجوش ہیں۔ جوش کے معاملے میں، ہم نے محسوس کیا کہ ان کے لیے گھر پر اپنی بحالی کو جاری رکھنا زیادہ عملی اور فائدہ مند ہوگا۔‘‘
غور طلب ہے کہ ہیزل ووڈ کو اچیلز کی مسلسل چوٹ کی وجہ سے 2025-26 کی ایشز سیریز سے بھی باہر کردیا گیا تھا۔ یہ انجری اس وقت ہوئی جب وہ پچھلی ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہو رہے تھے۔ سلیکٹرز نے یہ نہیں بتایا کہ ہیزل ووڈ ٹورنامنٹ کے لیے کب دستیاب ہوں گے۔
آسٹریلیا کے گروپ میں عمان، سری لنکا اور زمبابوے بھی شامل ہیں اور اس کے ابتدائی میچز 20 فروری تک ختم ہو جائیں گے۔