جگتدل مومن پاڑہ کی سرزمین سے پہلی بار امام مولوی شفیق وارثی صاحب عمرہ کے لیے روانہ

تاثیر 3 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جگتدل مومن پاڑہ کی سرزمین سے پہلی مرتبہ مومن پارہ کے امام مولوی شفیق وارثی صاحب عمرہ کی سعادت کےلئے مورخہ 2/فروری 2026 بروز پیر اہل صبح روانہ ہوئے۔ اس بابرکت موقع پر ایک دعائیہ و اعزازی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں محلے کے معززین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر باہر سے تشریف لائے ہوئے مہمان خصوصی خطیب الہند پیر طریقت حافظ و قاری مولانا محمد حسیب رضا امجدی صاحب نے عمرہ کے حوالے سے نہایت ایمان افروز اور اصلاحی تقریر کی، جس میں اخلاصِ نیت، اللہ کے گھر کی حاضری اور عمرہ کی فضیلت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ساتھ ہی مدینے شریف کی حاضری کے حوالے سے اپنا لکھا ہوا کلام پیش کر کے محفل کو روحانی کیفیت عطا کی۔
بعد ازاں جگتدل بڑی مسجد کے امام مولانا محمد اسلام الدین قادری صاحب نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی حاضری مال و دولت پر موقوف نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بلانے سے نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 1999ء میں 1200 روپے وظیفہ پر اور 2006ء میں 1700 روپے وظیفہ پر حج کی سعادت حاصل کر چکے ہیں، جس سے یہ سبق ملتا ہے کہ جب بلاوا آتا ہے تو وسائل خود بخود پیدا ہو جاتے ہیں۔
آخر میں مولوی شفیق وارثی صاحب نے عمرہ کی سعادت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے مختصر گفتگو کی اور نعت شریف پیش کی۔
اس پروگرام میں معروف شاعر سمیع الفت نے نقابت کا فریضہ انجام دیاجبکہ ساحل کلکتوی اور نسیم وارثی کے علاوہ دیگر نے بھی نعت شریف پڑھنے کا شرف حاصل کیا. صلوٰۃ و سلام کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا. شیرینی اور لنگر عوام و خواص میں تقسیم کئے گئے.