جیفری ایپسٹین کی جاری کی گئی نئی فائلوں میں ٹرمپ، کلنٹن، گیٹس، مسک، اینڈریو اور دیگر ہستیوں کے نام

تاثیر 4 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن، 04 فروری : امریکہ کے مشہور جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کی جاری کی گئی خفیہ فائلوں کے حصوں میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ، سابق صدر بل کلنٹن، بل گیٹس، ایلون مسک اور سابق پرنس اینڈریو جیسی ہستیوں کے نام شامل ہیں۔ ایپسٹین کے مبینہ متاثرین یہ جان کر حیران ہیں کہ محکمہ انصاف نے بغیر ایڈٹ کی ہوئی نیوڈ تصویریں جاری کر دیں۔ حالانکہ انہیں بعد میں ہٹا دیا گیا۔
سی این این کی رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ جانکاری سب سے پہلے دی نیویارک ٹائمز کی خبروں میں دی گئی۔ قصوروار طفل جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے منسلک اب تک لاکھوں فائلیں جاری کی جا چکی ہیں۔ یہ سلسلہ جاری رہنے کی امید ہے۔ تازہ انکشافات میں ماضی میں جاری کردہ فائلوں میں کیے گئے دعووں میں تضاد نظر آتا ہے۔
مثلاً ارب پتی ٹیک صنعت کار ایلون مسک کی ایک ای میل میں ایپسٹین کے آئی لینڈ پر ایک وائلڈ پارٹی میں شامل ہونے کی مبینہ خواہش۔ مسک نے آئی لینڈ پر جانے یا ایسی کسی پارٹی میں شامل ہونے سے انکار کیا ہے۔ فائلوں میں بے شمار عجیب انکشافات ہیں۔ اس میں مارتھا اسٹیورٹ کا ایپسٹین کا موبائل فون کا نمبر پانے کی کوشش کرنا اور کیٹی کورک کا اس کی پارٹی کی تعریف کرنا۔
یہی نہیں، ناروے کی کراون پرنسس کی بے وفائی کے بارے میں کچھ عجیب تبصرے۔ سلیبریٹی ڈاکٹر پیٹر ایٹیا کے بھدے مذاق۔ نیویارک جائنٹس کے شریک مالک اسٹیو ٹش کا خواتین کے پیچھے پڑنے کا دعویٰ۔ ان افراد کے فائلوں میں نام شامل ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ انہوں نے ایپسٹین کے جرائم میں حصہ لیا۔
بل گیٹس: تازہ انکشافات میں بل گیٹس اور ایپسٹین کے رشتوں پر خاص بحث ہے۔ مگر یہ صاف نہیں ہے کہ ایپسٹین کے ای میل اکاونٹ میں سیو کردہ 2013 کے ڈرافٹ میسج کس نے لکھے۔ ایسا لگتا ہے کہ مائیکروسافٹ کے کو-فاونڈر کو دھوکے میں رکھ کر ان کے جذبات کو دستاویزی شکل دی گئی۔ ڈرافٹ میں گیٹس اور ان کی اس وقت کی اہلیہ میلنڈا کے درمیان ازدواجی ناچاقی کا ذکر ہے۔ اس میں بزنس ڈیل، گیٹس کا جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماری کے بارے میں فکر مند ہونے کا خیال اور خراب بزنس وینچر پر چرچا ہے۔ ڈرافٹ میسج میں تشویش ظاہر کی گئی ہے کہ بل اور میلنڈا گیٹس کے درمیان عوامی طلاق سے ان کے فاونڈیشن کو نقصان ہوگا۔ گیٹس کے نمائندے نے کہا کہ یہ دعوے بے تکے اور پوری طرح سے جھوٹے ہیں۔ ان دستاویزات سے صاف ہوتا ہے کہ ایپسٹین اس بات سے مایوس تھا کہ اس کا گیٹس کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں تھا اور وہ انہیں پھنسانے اور بدنام کرنے کے لیے کس حد تک جا سکتا تھا۔