رائفل پسٹل ایشین چمپئن شپ میں ایشا سنگھ نے جیتا طلائی اور سمراٹ رانا کو کانسی کا تمغہ

تاثیر 4 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 4 فروری :ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں جاری ایشین چمپئن شپ رائفل ۔پسٹل مقابلے میں بھارت کے نشانے بازوں نے شاندار مظاہرہ جاری رکھا۔
بدھ کے روز، ایشا سنگھ نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر ملک کو بڑی کامیابی دلائی جبکہ موجودہ عالمی چمپئن سمراٹ رانا نے مردوں کے زمرے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
ایشا سنگھ نے خواتین کے فائنل میں 239.8 کے اسکور کے ساتھ غلبہ حاصل کیا۔ انہوں نے چائنیز تائپے کی ین چنگ چینگ کو 4.4 پوائنٹس سے ہرایا، جنہیں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ چینگ کے ہم وطن آئی وین یو (217.7) تیسرے نمبر پر رہیں۔بھارت کی سروچی سنگھ 197.7 کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں، اور دو بار کی اولمپک میڈلسٹ منو بھاکر 135.3 کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہیں۔
کوالیفکیشن راؤنڈ میں، سینم 584 پوائنٹس کے ساتھ کوالیفکیشن راؤنڈ میں سرفہرست رہیں، لیکن وہ صرف رینکنگ پوائنٹس پر کھیل رہی تھیں۔ اس کے وجہ سے سروچی (576)، منو بھاکر (575-20x) اور ایشا (575-18x) کو آٹھ کھلاڑیوں کے فائنل میں جانے کا موقع دیا۔ 1726 کے مشترکہ اسکور کے ساتھ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ بھی حاصل کیا۔