تاثیر 4 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 فروری (ہ س)۔
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو پارلیمنٹ کے باہر سابق آرمی چیف منوج مکند نرو نے کی ایک غیر مطبوعہ کتاب کو دکھاتے ہوئے حکمراں پارٹی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مبینہ طور پر کتاب کی تفصیلات پر چین کے ساتھ 2020 کے فوجی تعطل کے دوران ہونے والے واقعات کو بنیاد بنایا اور حکومت پر مشکل وقت میں فوج کو چھوڑنے کا الزام لگایا۔
راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کے مکر دوار کے باہر نرو نے کی غیر مطبوعہ کتاب کی کاپی دکھاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ہر نوجوان کو یہ کتاب دیکھنا چاہیے۔ اس میں انہوں نے لداخ کا مکمل احوال دیا ہے۔ انہیں اس کتاب کے مواد کو لوک سبھا میں پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
راہل گاندھی نے کل لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک خط لکھ کر اپوزیشن لیڈر کو پارلیمنٹ میں قومی سلامتی سے متعلق مسائل اٹھانے کے حق سے محروم کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
دریں اثنا، کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے راہل گاندھی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر تقریر کرتے وقت کتابوں سے حوالہ دیتے ہیں۔ راہل گاندھی ایک شائع شدہ حوالے سے نقل کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے سنجے بارو کا بھی حوالہ دیا۔

