سوفل بنگلہ موبائل آؤٹ لیٹ کا افتتاح، سستی غذائی اشیا عوام تک پہنچانے کی پہل

تاثیر 5 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سونار پور، 05 فروری (تاثیر بیورو) وزیرِ اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی کی ہدایت پر عوام کو سستی اور معیاری غذائی اشیا ان کی دہلیز تک فراہم کرنے کے مقصد سے سوفل بنگلہ پروگرام کے تحت سونار پور اور راج پور میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 20 میں سوفل بنگلہ موبائل آؤٹ لیٹ کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔
اس موبائل آؤٹ لیٹ کا افتتاح وارڈ نمبر 20 کے کونسلر اور راج پور–سونار پور میونسپلٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بپلب داس نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سوجوئے مکھرجی، ابھیشیک ساہا، متعلقہ محکمے کے افسران اور ڈسٹرکٹ مارکیٹنگ انسپکٹر عبدالسلام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بپلب داس نے کہا کہ سوفل بنگلہ موبائل آؤٹ لیٹ کا بنیادی مقصد عوام کو مناسب قیمتوں پر تازہ سبزیاں اور روزمرہ استعمال کی ضروری غذائی اشیا فراہم کرنا ہے، تاکہ مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی کو حقیقی راحت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں ریاستی حکومت عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو مؤثر طور پر زمینی سطح پر نافذ کر رہی ہے۔
مقامی باشندوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوفل بنگلہ موبائل آؤٹ لیٹ سے متوسط اور غریب طبقے کو براہِ راست فائدہ حاصل ہوگا اور ضروری اشیا بآسانی دستیاب ہو سکیں گی۔