کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب کے عنوان سے سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کا 6 فروری کو افتتاح

تاثیر 5 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی 5 فروری : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ذریعے6تا8فروری2026 کو ’’کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب‘‘کے عنوان سے منعقد ہونے والی سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کے سلسلے میں قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں ایک پریس میٹ کا انعقاد کیا گیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے عالمی اردو کانفرنس کی تفصیلات پر اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ کونسل کی جانب سے ماضی میں بھی عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے، ایک وقفے کے بعد گزشتہ برس ’’وکست بھارت کا وژن،اردو زبان کا مشن‘‘ کے عنوان سے انڈیا انٹر نیشنل سینٹر، نئی دہلی میں اس اہم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جسے اردو حلقے کی طرف سے خوب پزیرائی ملی۔اس سال کی عالمی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور اپنے موضوع ’’کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب‘‘کے اعتبار سے منفرد بھی۔ اس کے ذریعے ہمیں قومی تعلیمی پالیسی 2020کیتناظر میں کثیر لسانی ہندوستان کی صورتِ حال کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور ہندوستان کی تعمیر و ترقی میں دیگر زبانوں کے ساتھ اردو زبان کی خدمات سے واقف ہونے کا بھی موقع ملے گا۔