اتر پردیش میں فلم ‘ گھشخور پنڈت’ کے ڈائریکٹر اور ٹیم کے خلاف ایف آئی آر درج

تاثیر 6 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 6 فروری : راجدھانی کے حضرت گنج پولیس اسٹیشن میں فلم ’’گھشخور پنڈت‘‘ کے ڈائریکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس کی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر تشہیر کی جارہی ہے۔ یہ کارروائی معاشرے میں دشمنی پھیلانے، مذہبی اور ذات پات کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کے الزام میں کی گئی ہے۔
حضرت گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر وکرم سنگھ نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر فلم کی تشہیر اور سوشل میڈیا پر اس کے مواد کو شیئر کیے جانے کا نوٹس لیا۔ ان کے مطابق فلم کا ٹائٹل ’’گھشخور پنڈت‘‘ اور اس کا تشہیر شدہ مواد پہلی نظر میں قابل اعتراض پایا گیا ہے۔ ذات پات کی توہین کے بارے میں، ایف آئی آر واضح کرتی ہے کہ فلم کے عنوان کا مقصد ایک خاص برادری، ایک مخصوص ذات (برہمن) کو نشانہ بنانا اور ان کی توہین کرنا ہے۔ نیٹفلکس اور سوشل میڈیا پر اس نام کی تشہیر اور اس کے مکالموں پر معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔