تاثیر 6 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 6 فروری : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو “پریکشا پہ چرچا” کے نویں ایڈیشن میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امتحان کبھی بھی زندگی کا آخری مقصد نہیں ہو سکتا۔ تعلیم زندگی کی تعمیر کا ایک ذریعہ ہے اور اس کا مقصد ہمہ گیر ترقی ہونا چاہیے۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ ماضی کی پریشانیوں کو چھوڑ کر بقیہ وقت کے بہتر استعمال پر توجہ دیں اور ذہنی تناؤ سے پاک رہ کر سیکھنے کے عمل سے لطف اندوز ہوں۔منی پور کے ایک طالب علم کے سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ جو گزر گیا ہے اسے گننے میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ اپنی زندگی سے ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو ان کی سالگرہ کے موقع پر ایک رہنما نے فون کیا اور کہا کہ وہ اب 75 سال کے ہو چکے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ابھی 25 سال باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو گزر چکا ہے اسے شمار نہیں کرتا۔ وہ شمار کرتا ہوں جو باقی ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اسی طرز عمل کو اپنائیں اور کہا کہ جو گزر چکا ہے اسے گننے میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے بلکہ جو باقی ہے اسے جینے کے بارے میں سوچنا چاہئے۔

