تاثیر 6 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 06 فروری:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے کے آغاز پر ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا۔حکام کے مطابق وزیر داخلہ نے ہیرانگر سیکٹر میں واقع سرحدی چوکیوں گرنام اور بوبییاں کا دورہ کیا اور سرحد کی حفاظت پر مامور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوانوں سے ملاقات کی۔یہ دورہ سرحدی نگرانی کو مضبوط بنانے، دہشت گردوں کی دراندازی اور ہتھیاروں و منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کی کوششوں کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کٹھوعہ، ادھم پور اور کشتواڑ اضلاع میں تقریباً ایک درجن مقابلوں میں جیش محمد کے چار پاکستانی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
امت شاہ جمعرات کی دیر رات جموں پہنچے جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور بی جے پی کے سینئر رہنماؤں، جن میں اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما شامل تھے، نے ان کا استقبال کیا۔کٹھوعہ میں وزیر داخلہ نے بوبییاں میں سرحدی محافظوں کے لیے چھ فلاحی اسکیموں کا ورچوئل افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔حکام نے بتایا کہ امت شاہ آج لوک بھون جموں میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے اور دہشت گردی کے متاثرین کے بعض خاندانوں کو ہمدردانہ تقرری کے خطوط بھی تقسیم کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز وزیر داخلہ لوک بھون میں جموں و کشمیر کی ترقی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت بھی کریں۔

