تاثیر 6 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گڑچرولی ، 6 فروری :مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کی سرحد سے متصل ابوجھماڑ کے گھنے جنگلات میں پولیس اور ماؤ نوازوں کے درمیان ہونے والی پرتشدد جھڑپ میں سی۔60 کمانڈو دستے نے 3 ماؤ نوازوں کو ہلاک کر دیا، لیکن اس کامیاب کارروائی کی قیمت ایک جوان کی شہادت کی صورت میں چکانی پڑی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جھڑپ کے بعد جمعہ کی صبح جاری سرچ آپریشن کے دوران جائے واردات سے مزید دو ماؤ نوازوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ مجموعی طور پر اس کارروائی میں 2 مرد اور 1 خاتون ماؤ نواز ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ پولیس نے موقع سے ایک اے کے۔47، ایک ایس ایل آر رائفل اور بڑی مقدار میں ماؤ نواز مواد ضبط کیا ہے، جبکہ ہلاک افراد کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے۔
اس تصادم کے دوران ماؤ نوازوں کی شدید فائرنگ سے سی۔60 کے دو جوان زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں شامل دیپک چنّا مڈاوی (38) ساکن مانڈرا (تعلقہ اہیری) کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھامراگڑھ اسپتال پہنچایا گیا، تاہم وہ علاج کے دوران دم توڑ گئے اور ملک کے لیے جان قربان کر دی۔ دوسرے زخمی جوان جوگا مڈاوی، رہائشی کِشٹیاپَلّی، کو بھی فضائی راستے سے نکالا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان کی طبیعت فی الحال مستحکم ہے اور انہیں مزید علاج کے لیے گڈچرولی منتقل کیا جا رہا ہے۔

