حیدرآباد تلنگانہ فارنسک سائنس لیبارٹری میں آگ لگنے کا بڑا واقعہ

تاثیر 7 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 07 فروری :حیدرآباد کے نامپلی علاقہ ریڈ ہلزمیں واقع تلنگانہ فارنسک سائنس لیبارٹری میں ہفتہ کی صبح آگ لگنے کا ایک بڑاواقعہ پیش آیا۔ یہ آگ صبح تقریباً 10 بجے لگی جس کے فوری بعد مقامی پولیس نے فائرڈپارٹمنٹ کواطلاع دی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی کئی گاڑیاں وہاں پرپہنچ گئیں اورآگ پرقابو پانے کی جدوجہد شروع کر دی گئی۔ یہ لیبارٹری نامپلی پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ہے جس کی وجہ سے آس پاس کے علاقہ میں شدید تناؤدیکھاگیا۔احتیاطی تدابیرکے طور پر پولیس نے اس روٹ پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا ہے تاکہ امدادی کارروائیوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ فائر فائٹرس تاحال شعلوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چونکہ یہ ایک انتہائی حساس مقام ہے جہاں کئی اہم مقدمات کے شواہد اور کیمیکلس موجود ہوتے ہیں، اس لئے اس آگ سے ہونے والے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔