تاثیر 8 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) گزشتہ دنوں سیمانچل ڈگری کالج ارریہ کے کیمپس میں انتظامی امور کی محنتی، مخلص ایماندار اور کالج کے لئے جاں نثار سربراہ محترمہ پوجا بھارتی کے لئے ایک پروقار الوداعی تقریب اور ارریہ صدر اسپتال میں کام کرنے والے معروف سرجن ڈاکٹر جتیندر پرساد اور ان کی اہلیہ کی سڑک حادثے میں بے وقت موت پر تعزیتی اجلاس کا انعقاد بڑے تزک و احتشام کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر کالج منیجمنٹ نے تقریبکے شرکاء اور یہاں کے طلبہ اور طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے ادارے کی ایڈمنسٹریٹو ہیڈ محترمہ پوجا بھارتی کو نرسنگ ڈیپارٹمنٹ میں سرکاری ملازمت کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ان کی محنت، لگن اور عزم کا نتیجہ ہے بلکہ یہ ہمارے ادارے کے لیے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ کالج انتظامیہ، فیکلٹی، اسٹاف اور طلباء نے دلی مبارکباد اور روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ کالج انتظامیہ نے کہا کہ پوجا بھارتی نے اپنے دور میں داخلے کے ایک ہموار، شفاف اور موثر عمل کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس نے اپنے فرائض منصبی کو پوری دیانتداری، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کیا، کالج کے انتظامی نظام کو مضبوط کیا۔ ان کی لگن اور کارکردگی نے داخلہ سے متعلق کوششوں میں طلباء اور والدین کی سہولت کو بہتر بنایا ہے۔ اس موقع پر کالج نے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے ان کی شاندار خدمات پر اظہار تشکر کیا۔ کالج فیملی نے انہیں شال، مومنٹو، گلدستہ اور اچھے ملبوسات سے بھی نوازا۔ موجود اراکین نے ان کے تعاؤن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے نظم و ضبط، تدبر اور خدمت کے جذبے سے کالج کے وقار میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔ کالج انتظامیہ نے مزید کہا کہ ادارہ اپنے محنتی ساتھیوں کے تعاون کا احترام کرتا ہے اور معاشرے کے لیے ہمدردی کے ساتھ کھڑا ہے۔ پروگرام کا اختتام شکریہ کلمات کے ساتھ ہوا۔ تمام فیکلٹی ممبران، اسٹاف اور طلباء موجود تھے۔ پروگرام کے دوران کالج کیمپس میں جنرل سرجن ڈاکٹر جتیندر کمار پرساد کے بے وقت انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سب نے مرحوم کی روح کی تسکین کے لئے تعزیت کا اظہار کیا۔ مقررین نے معاشرے اور طبی برادری کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔

