تاثیر 10 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ،(فضاامام):ضلع ٹرانسپورٹ آفیسر، دربھنگہ نے مطلع کیا ہے کہ ضلع دربھنگہ کے شہری علاقوں میں چلنے والے تمام آٹو رکشہ اور ای-رکشہ کے روٹس کو باقاعدہ طور پر مختلف زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مختلف راستوں پر ہونے والے تنازعات، اوورلیپنگ اور غیر منظم ٹریفک نظام کو ختم کرنا ہے، تاکہ شہریوں کو ہموار، محفوظ اور سہل آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ روٹ زون بندی کے بعد آٹو رکشہ اور ای-رکشہ کی آمد و رفت ایک منظم نظام کے تحت ہوگی، جس سے نہ صرف ٹریفک جام میں کمی آئے گی بلکہ حادثات پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مسافروں اور گاڑی مالکان دونوں کو سہولت حاصل ہوگی۔اس مقصد کے تحت 9 فروری 2026 سے ٹریفک پولیس اسٹیشن، دربھنگہ میں مفت رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔تمام آٹو رکشہ اور ای-رکشہ گاڑیوں کے مالکان سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ 24 فروری 2026 سے پہلے لازمی طور پر ٹریفک پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنا رجسٹریشن مکمل کروا لیں، تاکہ بعد میں کسی بھی قسم کی دشواری یا کارروائی سے بچا جا سکے۔رجسٹریشن اور دیگر معلومات کے لیے ٹریفک پولیس اسٹیشن، دربھنگہ کے انچارج سے ٹیلیفون نمبر 9031827364 پر رابطہ کیا جا سکتاہے۔

