تاثیر 10 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 10 فروری :بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا، ان دنوں اپنے خاندانی بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں سنیتا نے الزام عائد کیا کہ گووندا نے ان کے بیٹے یشوردھن آہوجا کے کیریئر کو آگے بڑھانے میں کوئی فعال کردار ادا نہیں کیا۔ اب اداکار نے ان دعوؤں پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اپنی بات رکھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے فیصلے ہمیشہ خاندان اور بچوں کے مستقبل کو ذہن میں رکھ کر کیے گئے ہیں۔
میرے بچوں کو میری دنیا کے دباؤ کا سامنا نہ کرناپڑے: گووندا
گووندانے میڈیا سے بات چیت میں کہا،’’جب میں نے سیاست چھوڑی تو میں نے سوچا کہ مقابلہ آرائی ، نفرت اور حسد جیسی چیزوں کا میرے بچوں پر اثر نہ پڑے۔خاص طور پر ان کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے، میں نے فاصلہ برقرار رکھنا ہی بہتر سمجھا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا سے اپنے بیٹے یشوردھن کی رہنمائی کی درخواست کی تھی۔ گووندا کے مطابق، ناڈیاڈوالا نے یشوردھن کو فلم سازی کی باریکیوں کو سمجھنے اور انڈسٹری کے کام کو سیکھنے میں مدد کی۔

