عالمی یومِ کینسر پر اپولو کینسر سینٹر، کولکاتا کی ’زیرو ٹو ہیرو‘ مہم کا آغاز

تاثیر 11 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 11/ فروری (پریس ریلیز) عالمی یومِ کینسر کے موقع پر اپولو کینسر سینٹر، کولکاتا نے ’’زیرو ٹو ہیرو‘‘ مہم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد اسٹیج زیرو میں کینسر کی تشخیص اور بروقت علاج کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔ آئی سی ایم آر، این سی آر پی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 2024 کے دوران 15 لاکھ سے زائد نئے کینسر کیس درج ہوئے، جب کہ تقریباً 70 فیصد مریضوں میں مرض کی تشخیص آخری مراحل (اسٹیج III/IV) میں ہوتی ہے، جس سے علاج پیچیدہ اور مہنگا ہو جاتا ہے۔
اس موقع پر اپولو ہاسپٹلس ایسٹرن ریجن کے سی ای او رانا داس گپتا نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے بقا کی شرح نمایاں طور پر بہتر ہوتی ہے۔ جبکہ ڈائریکٹر میڈیکل سروسز سریندر سنگھ بھاٹیا اور ماہرینِ آنکو لوجی نے اس بات پر زور دیا کہ اسٹیج زیرو یا اوّل میں کینسر پکڑ میں آ جائے تو علاج نسبتاً آسان، مؤثر اور کم تکلیف دہ ہوتا ہے۔ مہم کے تحت ان مریضوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جنہوں نے بروقت جانچ کے ذریعے کینسر کو شکست دی۔
کینسر سروائیور ملی منڈل نے کہا کہ ابتدائی تشخیص نے ان کی زندگی بدل دی اور وہ بروقت علاج کی بدولت آج صحت مند زندگی گزار رہی ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ باقاعدہ اسکریننگ اور علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طبی مشورہ حاصل کریں تاکہ کینسر کو ابتدا ہی میں قابو کیا جا سکے۔