تاثیر 12 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور (نزہت جہاں)
ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ، تعلیمی و طبی خدمات کے معیار میں بہتری اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ضلع مجسٹریٹ نے بوچہاں بلاک کے تحت شرف الدین پور پنچایت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران تعلیمی اداروں، صحت مرکز، سڑک، سرکاری اراضی اور مجوزہ تھانہ عمارت کے مقام کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایت دی گئی۔ معائنہ کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے دور دراز دیہی علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی سہولت کو ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاک سطح پر ڈگری کالج کا قیام ضروری ہے۔ مڈل اسکول شرف الدین پور کے معائنہ میں اسکول احاطہ میں اضافی کمروں اور مناسب اراضی کی دستیابی پائی گئی۔ ضلع مجسٹریٹ نے ضلع تعلیم افسر کو ہدایت دی کہ ضروری مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بعد عبوری انتظام کے تحت ڈگری کالج کے آغاز کی کارروائی جلد مکمل کی جائے۔مستقل عمارت کی تعمیر کے لیے بوچہاں کے بھوتانے پنچایت اور سلہا میں اراضی نشان زد کی گئی ہے۔ متعلقہ کاغذات کی جانچ اور مشترکہ معائنہ کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ تجویز محکمہ کو بھیجی جا سکے۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی اسکیم ’سات نشچے اعلیٰ تعلیم، روشن مستقبل‘ کے تحت ان بلاکس میں ڈگری کالج کے قیام کی کارروائی جاری ہے جہاں یہ سہولت موجود نہیں ہے۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ زمین کی دستیابی، عبوری آغاز اور تجویز کی ترسیل کا عمل وقت مقررہ کے اندر مکمل کیا جائے۔
معائنہ کے دوران اسکول کے قریب واقع تالاب اور گدری ہاٹ کی زمین پر غیر قانونی قبضے کی اطلاع پر ضلع مجسٹریٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے حلقہ افسر کو لوک اراضی تجاوزات ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
دو دن کے اندر تجاوزات ہٹانے، از سر نو حد بندی کرنے اور آئندہ قبضہ روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کو کہا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے مذکورہ سڑک کو آمد و رفت کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس کی چوڑائی میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ متعلقہ انجینئر کو ہدایت دی گئی کہ توسیع کا تجویز تیار کر کے جلد از جلد محکمہ کو بھیجی جائے۔

