حکومت کی جانب سے مجوزہ نئی میڈیا پالیسی 2026 میں ضابطہ کار بنانے کی تجاویز شامل

تاثیر 12 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 12 فروری (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو واضح کیا کہ ویب سائٹس، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن نیوز چینلز کی نگرانی محکمہ اطلاعات کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، تاہم اپریل 2025 سے اب تک جعلی خبروں اور گمراہ کن معلومات کے خلاف 28 تردیدی بیانات جاری کیے گئے ہیں۔ایم ایل اے آر ایس پٹھانیا کے تحریری سوال کے جواب میں حکومت نے ایوان کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز نے جعلی اور گمراہ کن خبروں کی حقیقی وقت میں نگرانی کے لیے خصوصی میڈیا مانیٹرنگ سیل قائم کیا ہے۔ جب بھی ایسی کوئی خبر سامنے آتی ہے تو اس کی تردید پریس ریلیز اور محکمہ کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کی جاتی ہے۔

جواب میں بتایا گیا کہ یکم اپریل 2025 سے 31 جنوری 2026 تک 28 تردیدی بیانات جاری کیے گئے، جن میں سے 20 پریس ریلیز کے ذریعے جبکہ 8 سرکاری سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے جاری ہوئے۔حکومت نے واضح کیا کہ ویب سائٹس، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، آن لائن نیوز چینلز اور فیکٹ چیک یونٹس کی ضابطہ بندی محکمہ اطلاعات کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں اور نہ ہی جعلی خبریں پھیلانے والوں پر جرمانہ عائد کرنا اس کے اختیار میں ہے۔ مزید بتایا گیا کہ محکمہ کسی نجی فیکٹ چیک یونٹ کو تسلیم یا مجاز قرار نہیں دیتا۔ایوان کو بتایا گیا کہ تمام محکموں میں نوڈل افسران مقرر کیے گئے ہیں جو متعلقہ محکموں سے متعلق جعلی خبروں کی نگرانی کرتے ہیں اور معلومات ایک مخصوص پورٹل پر اپ لوڈ کرتے ہیں تاکہ مشترکہ ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔