تاثیر 13 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ، 13 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لاء نے ریسرچ میتھڈولوجی کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کی، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی اور تحقیقی اصولوں اور طریق ہائے کار پر تفصیلی گفتگو کی۔
ورکشاپ میں پروفیسر مرزا اسمر بیگ، سابق ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے کلیدی خطبہ پیش کیا، جبکہ پروفیسر محمد نوید خان، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز مہمان مقرر کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروفیسر شکیل احمد، ڈین، فیکلٹی آف لاء نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔پروفیسر مرزا اسمر بیگ نے زور دیا کہ بامعنی تحقیق کے لیے وسیع مطالعہ، تحقیقی سوالات میں وضاحت اور منظم سائنسی طریق ہائے عمل ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ذاتی تعصب سے پاک، شواہد پر مبنی تحریر کی اہمیت اجاگر کی اور تجرباتی اعداد و شمار سے تقویت یافتہ معیاری تحقیق کی افادیت پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر محمد نوید خان نے تحقیق کے عملی پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے تجربات کی روشنی میں موضوع کے انتخاب سے لے کر مستند اور انڈیکسڈ جرائد میں اشاعت تک کے اہم مراحل بیان کیے اور محققین کو عالمی سطح پر اہم مگر کم زیر بحث موضوعات پر تحقیق کرنے اور آزادانہ علمی جستجو اختیار کرنے کی تلقین دی۔اختتامی کلمات میں پروفیسر محمد وسیم علی نے ابھرتے ہوئے سماجی مسائل کو تحقیق کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر تبسم چودھری، آرگنائزنگ سکریٹری نے کلمات تشکر ادا کیے۔

