اسلم قتل معاملہ حل، اسد گینگ کے تین شارپ شوٹر تصادم کے بعد گرفتار

تاثیر 13 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 فروری :۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے سرخیوں میں رہے میرٹھ اسلم قتل کیس کا انکشاف کرتے ہوئے اسد گینگ کے تین شارپ شوٹرز کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتاری کے دوران ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے بعد جوابی فائرنگ میں تینوں کو ٹانگ میں گولی لگی۔ ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور 11 زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) سنجیو یادو نے جمعہ کو بتایا کہ کرائم برانچ کی ٹیم کو 13 فروری کو اطلاع ملی تھی کہ میرٹھ کے نوچندی تھانہ علاقے میں دن دہاڑے ہوئے قتل کے معاملے میں مطلوب ملزمان دہلی میں چھپے ہوئے ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر وزیرآباد سے عثمان پور (یمنا کھادر روڈ) کے پرانے راستے پر میٹرو پلر نمبر پی -187 کے قریب رات تقریباً 2:05 بجے جال بچھا یا گیا۔

رات کے وقت سفید رنگ کی موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوانوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ اپنے دفاع میں پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس سے تینوں ملزمان ٹانگ میں زخمی ہوگئے۔ بعد میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت اسد (36)، عامر عرف حسین (24) اور آہیل عرف جاوید (22) کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں اتر پردیش کے میرٹھ کے رہنے والے ہیں۔