ہم اسمبلی انتخابات میں پڈوچیری کی تمام 24 سیٹیں 60 فیصد ووٹوں کے ساتھ جیتیں گے :امت شاہ

تاثیر 14 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کاریکل ، 14 فروری : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو پڈوچیری کے کاریکل میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) آئندہ 2026 کے اسمبلی انتخابات میں 60 فیصد ووٹ حاصل کرکے پڈوچیری کی تمام 24 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے پڈوچیری کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ این ڈی اے کی حمایت جاری رکھیں۔
ریلی کی شروعات کرتے ہوئے، امت شاہ نے ترونلار کے شنیشور اور بھدرکالی امن کو نمن کیا۔ انہوں نے دنیا کی قدیم ترین زبان تمل میں اپنی تقریر نہ کرنے پر معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کے دو بنیادی مقاصد ہیں۔ پہلا، وزیر اعظم نریندر مودی اور پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ این رنگا سامی کی قیادت والی حکومت کی حصولیابیوں کو عوام کے سامنے رکھنا اور دوسرا سابقہ حکومتوں کی کار کردگی کو اجاگر کرنا ۔
انہوں نے کہا کہ پڈوچیری میں پچھلے پانچ سالوں میں امن و امان میں بہتری آئی ہے اور ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہوا ہے۔ 2021 کے انتخابات میں این ڈی اے کے 44 فیصد ووٹ شیئر کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ تعداد 2026 میں 60 فیصد تک پہنچ جائے گی اور اتحاد تمام 24 سیٹیں جیت لے گا۔