تاثیر 14 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد،14 ۔فروری: تلنگانہ کے بھدرا دری کوتہ گوڑم ضلع کے بھدراچلم ایریا ہاسپیٹل میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے 5 کلو 200 گرام وزنی بچہ کو جنم دیا ہے۔عام طور پر نوزائیدہ بچوں کا وزن 2.5 سے 3 کلوگرام کے درمیان ہوتا ہے لیکن اتنے وزنی بچہ کی پیدائش نے علاقہ میں سب کو حیران کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھیا رانی نامی حاملہ خاتون کو زچگی کے لئے بھدراچلم ایریا ہاسپٹل میں داخل کیاگیاتھا۔ معائنہ کے دوران ڈاکٹروں نے پایاکہ بچہ کا وزن معمول سے کہیں زیادہ ہے جس کی وجہ سے زچگی ماں اور بچہ دونوں کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی تھی۔ایسی پیچیدہ صورتحال کے باوجود ڈاکٹروں کی ٹیم نے انتہائی مہارت اور چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب آپریشن انجام دیا۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ 5.2 کلوگرام وزنی یہ بچہ اور اس کی ماں سندھیارانی دونوں مکمل طور پر صحت مند ہیں۔سرکاری ہاسپٹل میں اس طرح کے نایاب اور مشکل کیس کو کامیابی سے سنبھالنے پر ہاسپٹل انتظامیہ اور خاتون کے رشتہ داروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اعلیٰ حکام نے بھی ڈاکٹروں اور عملہ کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ بھدراچلم ایریا ہاسپٹل دور دراز علاقوں کے افرادکو کارپوریٹ سطح کی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

