انڈونیشیا کا جون تک غزہ میں 8000 فوجی تعینات کرنے کا منصوبہ

تاثیر 16 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جکارتہ،16فروری(ہ س)۔انڈونیشیا کی مسلح افواج نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ اپریل تک غزہ بھیجنے کے لیے 1000 فوجیوں کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جبکہ جون تک غزہ میں تعیناتی کے لیے مجموعی طور پر 8000 فوجیوں کو تیار کر لیا جائے گا۔ انڈونیشی فوج کا مزید کہنا ہے کہ غزہ میں ہماری افواج کی تعیناتی کا ٹائم ٹیبل ریاست کے فیصلے کے تابع ہوگا۔
انڈونیشی فوج کے ترجمان ڈونی برامونو نے بتایا کہ جکارتہ امن برقرار رکھنے کے لیے مجوزہ کثیر القومی فورس کے حصے کے طور پر غزہ میں ممکنہ تعیناتی کے لیے ایک ہزار فوجی تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعیناتی کے حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت کرے گی اور جون تک تیار فوجیوں کی کل تعداد آٹھ ہزار ہو جائے گی۔