تاثیر 17 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 17 فروری (ہ س)جموں کے آر ایس پورہ علاقے میں قائم جونائیل ہوم سے ایک مقامی گینگسٹر اور دو پاکستانی شہریوں کے فرار ہونے کے واقعے کے بعد چھ پولیس اہلکاروں کو فرائض میں کوتاہی کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔فرار ہونے والوں میں آر ایس پورہ کے ڈبلہڑ گاؤں کا رہائشی کرجیت سنگھ عرف گگّا، اور پاکستانی شہری محمد سنا اللہ اور احسن انور شامل ہیں۔ پیر کی شام تقریباً پانچ بج کر پندرہ منٹ پر ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور مرکز سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
حکام کے مطابق ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت چھ اہلکاروں کو معطل کر کے محکمانہ جانچ شروع کر دی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فرار کیسے ہوا، سیکورٹی میں کس طرح نقائص پیدا ہوئے اور تعینات اہلکاروں سے کہاں کوتاہی ہوئی۔
فرار کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے درجنوں مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔واقعے کے فوراً بعد جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات اور انسپکٹر جنرل جموں زون بھیم سین توتی دیگر افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور کئی پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جن میں اسلحہ کی دستیابی اور ممکنہ سازش بھی شامل ہے۔

