تاثیر 17 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،17فروری:اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک نئے آبادکاری کے منصوبے کے ذریعے تقریباً 60 سالوں میں پہلی مرتبہ بیت المقدس کی توسیع مغربی کنارے کے اندر تک ہونا طے پایا ہے۔ اسرائیلی نیوز ویب سائٹ’وائی نیٹ‘ نے اطلاع دی ہے کہ اس صہیونی منصوبے کے تحت مشرقی القدس میں ایک بستی کے قریب سینکڑوں نئے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جانے ہیں اور یہ وہ بستی ہے جس پر اسرائیل نے 1967 میں قبضہ کیا تھا اور بعد میں اسے ضم کر لیا تھا۔
دو ریاستی حل کے لیے کوشاں اسرائیلی تحریک “پیس ناؤ” نے ایک بیان میں کہا کہ 1967 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقی بیت المقدس مغربی کنارے کے اندر پھیل رہا ہے۔ ’پیس ناؤ‘ نے مزید کہا کہ حکومت پچھلے دروازوں سے عملی طور پر الحاق کی کارروائیاں کر رہی ہے۔ اس علاقے میں دو فلسطینی رہائشی آبادیاں موجود ہیں۔ اسی تناظر میں اخبار “ٹائمز آف اسرائیل” اور تحریک “پیس ناؤ” نے اطلاع دی ہے کہ 2700 سے زائد رہائشی یونٹس کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

