ٹھاکرگنج میں ایک روزہ مفت طبی جانچ کیمپ کا انعقاد

تاثیر 18 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)شہر کے دگمبر جین بھون میں بدھ کے روز کیئر ہیلتھ انشورنس اور دیشا ہوسپیٹل کے مشترکہ تعاون سے ایک روزہ مفت طبی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح چیف کونسلر سکندر پٹیل، سابق چیف کونسلر دیوکی اگروال اور وارڈ کونسلر امیت سنہا نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر کیا۔ افتتاح کے بعد مہمانوں نے کیمپ کا معائنہ کیا اور ڈاکٹروں سے معلومات حاصل کیں۔ کیمپ میں دیشا اسپتال سلی گڑی کے جنرل فزیشن اور آرتھوپیڈک ماہرین کی ٹیم نے سیکڑوں لوگوں کا معائنہ کیا۔ مریضوں کے بلڈ پریشر، شوگر، ہڈیوں اور جوڑوں سے متعلق مسائل سمیت دیگر عام بیماریوں کی جانچ کر انہیں مناسب مشورہ دیا گیا۔ ڈاکٹروں نے لوگوں کو متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور وقتاً فوقتاً طبی جانچ کرانے کی ہدایت دی تاکہ سنگین بیماریوں سے بچا جا سکے۔ منتظم و کیئر ہیلتھ انشورنس کے سینئر مینیجر سمت راج یادو نے بتایا کہ موجودہ دور میں ہر شخص کو اپنی صحت کے تئیں بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگین بیماری یا حادثے کی صورت میں اسپتالوں کے بھاری اخراجات سے بچنے کے لیے ہیلتھ پالیسی کرانا ضروری ہے، جس سے علاج میں مالی مدد ملتی ہے اور خاندان پر اضافی بوجھ نہیں پڑتا۔
چیف کونسلر سکندر پٹیل اور سابق چیف کونسلر دیوکی اگروال نے کیمپ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ صحت سے بڑھ کر کوئی دولت نہیں۔ اس طرح کے کیمپ عوام میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں ایریا ہیڈ اتانو چودھری، ہیلتھ پلانر اشوک بھارتی، منیش اگروال، مینک ساندلیہ، نوین چودھری، جے شنکر بھارتی، پرویز عالم اور روی اگروال سمیت دیگر افراد کا اہم تعاون رہا۔