تاریخی مکہ مسجد میں نمازتراویح کا پہلا روح پرور اجتماع

تاثیر 19 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد, 19 فروری :۔ حیدرآباد میں رمضان کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی مساجد میں روح پروراجتماعات دیکھے گئے۔اسلامی تقویم کے مقدس ترین مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی تاریخی مکہ مسجد میں نمازتراویح کا پہلا روح پرور اجتماع دیکھاگیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ قرآن مجید کی سماعت کی۔ رمضان المبارک کے استقبال کے لئے مکہ مسجد کی تاریخی عمارت کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ برقی قمقموں سے روشن کیا گیا تھا جس کی وجہ سے رات کے اندھیرے میں مسجد کے مینار اور گنبد اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہے تھے۔اس نورانی منظر نے گرد و نواح کے پورے ماحول کو سحر انگیزبنادیا تھا۔ نماز تراویح کی امامت خطیب مکہ مسجد حافظ رضوان قریشی نے کی۔پہلے دن مکہ مسجد کا وسیع و عریض صحن نمازیوں سے مکمل طور پر بھر گیا تھا اور انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پولیس کی بڑی تعداد تعینات رہی تاکہ آمد و رفت اور پارکنگ کے مسائل پیدا نہ ہوں، مسجد کے اندرونی حصوں اور صحن میں وضو، پینے کے پانی اور پنکھوں کے خصوصی انتظامات کئے گئے تاکہ نمازیوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پہلی تراویح کے موقع پر مکہ مسجد کے امام و خطیب مولانارضوان قریشی نے پرسوز آواز میں کلامِ الہیٰ کی تلاوت کی جس سے ایک رقت آمیز اور روحانی سماں پیدا ہوگیا