دربھنگہ میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی نماز ادا کی گئی

تاثیر 20 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام):- دربھنگہ میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی نماز نہایت عقیدت، خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں واقع مساجد میں نمازیوں کا بڑا ہجوم دیکھنے کو ملا۔ خاص طور پر باقر گنج میں واقع جامع مسجد باقر گنج میں بڑی تعداد میں روزہ دار جمع ہوئے اور نمازِ جمعہ ادا کی۔
نمازِ جمعہ کے دوران علما و ائمہ کرام نے اپنے خطبات میں رمضان المبارک کی فضیلت، صبر و تقویٰ، عبادت کی اہمیت، باہمی اخوت اور سماجی ہم آہنگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے روزہ داروں کو تلقین کی کہ وہ اس بابرکت مہینے میں نیکیوں میں اضافہ کریں، غریبوں اور ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔نمازیوں نے نماز کے بعد ملک و ملت کی سلامتی، امن و سکون، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ پہلے جمعہ کے موقع پر روزہ داروں میں غیر معمولی جوش و جذبہ دیکھا گیا اور لوگوں نے بڑھ چڑھ کر عبادت میں حصہ لیا۔انتظامیہ کی جانب سے بھی مساجد کے اطراف سیکیورٹی اور ٹریفک کے مناسب انتظامات کیے گئے تھے تاکہ نمازیوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔