شریانکا کی شاندار گیندبازی، ہندوستان کی خواتین ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز 2-1 سے جیت لی

تاثیر 21 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ایڈیلیڈ، 21 فروری: ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ہفتہ کو ایڈیلیڈ اوول میں تیسرے ٹی20 میں آسٹریلیا کو 17 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹی20 سیریز 2-1 سے جیت لی۔ یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلوی خواتین ٹیم نے 15 سالوں میں ہوم گراو¿نڈ پر کوئی دو طرفہ سیریز ہاری ہے۔

آسٹریلوی ویمن ٹیم اس سے قبل 2012 میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم گراو¿نڈ پر ٹی 20 سیریز ہار ی تھی۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی خواتین ٹیم نے ملٹی فارمیٹ کی سیریز میں دو اہم پوائنٹس حاصل کر لیے۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے 20 اوورز میں 176/6 کا مضبوط اسکور بنایا جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 159/9 تک ہی پہنچ سکی۔ہندوستان کی اننگز کی بنیاد اسمرتی مندھانا (82) اور جمائمہ روڈریگس (59) کے درمیان 121 رنز کی شاندار شراکت نے رکھی۔ پاور پلے میں ٹیم نے تیز شروعات کی، رن ریٹ کو برقرار رکھنے کے لیے وقفے وقفے سے چوکے اور چھکے لگائے۔ مندھانا نے 12ویں اوور میں چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اپنی جارحانہ فارم کو جاری رکھا۔ تاہم وہ 17ویں اوور میں آو¿ٹ ہو گئیں۔

روڈریگس نے 18ویں اوور میں اپنی نصف سنچری اسکور کی، جبکہ ریچا گھوش نے صرف سات گیندوں پر 18 رنز بنا کر ہندوستان کو مضبوط مجموعے تک پہنچا دیا۔آسٹریلیا نے ہدف کے تعاقب میں تیز شروعات کی، لیکن ہندوستان نے تیزی سے مقابلے میں واپسی کی۔ شریانکا پاٹل، جنہوں نے ٹیم میں تبدیلی کے ایک حصے کے طور پر کال اپ حاصل کی، شاندار بولنگ کرتے ہوئے جارجیا وول اور ایلیس پیری کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ پیری کا 350 واں بین الاقوامی میچ مایوس کن تھا، کیونکہ وہ شریانکا پاٹل کے ہاتھوں آوٹ ہوگئیں۔