تاثیر 23 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران،23فروری:ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیوز نیٹ ورک ’’ سی بی ایس ‘‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ سفارتی حل اب بھی میز پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا اگر واشنگٹن اپنے خدشات کو دور کرنا چاہتا ہے تو سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔ عراقچی نے مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی کوششوں کے تحت جمعرات کو جنیوا میں امریکی مندوب سٹیو وٹکوف سے اپنی ممکنہ ملاقات کا بھی بتایا۔ عراقچی نے کہا امریکی فوجی طاقت کا جمع ہونا ایران کو خوفزدہ نہیں کرے گا اور اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے ساتھ ہی اس بات کا اعادہ کیا کہ تہران بارہا اپنے ایٹمی پروگرام کے پرامن ہونے کی تصدیق کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک یورینیم کی افزودگی کے اپنے حق اور این پی ٹی معاہدے میں درج حقوق پر قائم رہتے ہوئے ایٹمی معاہدے کی ایک تجویز پر کام کر رہا ہے۔

