سنجے سراوگی کی والدہ کی دوداشا تقریب، وزیراعلیٰ و گورنر سمیت متعدد معززین کی شرکت

تاثیر 24 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام):-بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی کی والدہ، آنجہانی رادھا دیوی سراوگی کی دوداشا تقریب دربھنگہ میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی و سماجی حلقوں کی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔واضح رہے کہ آنجہانی رادھا دیوی سراوگی کا 13 جنوری کو ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد سے مختلف سیاسی رہنما اور وزراء تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ پر حاضری دے رہے ہیں۔دوداشا تقریب میں بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار، بہار کے گورنر عارف محمد خان، اسمبلی اسپیکر پریم کمار، بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا، نائب وزرائے اعلیٰ سمرات چودھری اور وجے سنہا سمیت کئی سرکردہ رہنما شریک ہوئے۔اس کے علاوہ وزیر دلیپ جیسوال، مرکزی وزیر مملکت نتیانند رائے، رکن پارلیمنٹ گوپال جی ٹھاکر، سنجے جیسوال، دھرم شیلا گپتا، روی شنکر پرساد، سید شاہنواز حسین، ہری بھوشن ٹھاکر اور بی جے پی ایم ایل اے جیویش مشرا بھی موجود تھے۔تمام معزز رہنماؤں نے آنجہانی کی تصویر پر گل پوشی کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ تقریب ہندو مذہبی رسومات کے مطابق منعقد کی گئی، جہاں آنجہانی کی سادہ زندگی، اقدار اور خدمات کو یاد کیا گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان، مقامی معززین اور شہریوں کی بھی موجودگی رہی۔ دربھنگہ میں گورنر، وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے قومی صدر کی آمد کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ہوائی اڈے سے پنڈال تک پولیس فورس کی تعیناتی، روٹ لائننگ اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔