امریکی صدر ٹرمپ ضرورت پڑنے پر مہلک طاقت کے استعمال کے لیے تیار :وہائٹ ہاؤس

تاثیر 25 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،25فروری:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی ترجیح ہمیشہ سفارت کاری ہوتی ہے، تاہم اگر ضرورت پڑی تو وہ مہلک طاقت کے استعمال کے لیے بھی مکمل تیار ہیں۔ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو آج ہی کے دن کانگریس کے اعلیٰ رہنماؤں کو ایران سے متعلق ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ نے اشارہ دیا ہے کہ مارکو روبیو کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں کانگریس کے ان اعلیٰ رہنماؤں کو، جنہیں “‘گینگ آف ایٹ”‘ کہا جاتا ہے بریفنگ دینے کا وقت آج منگل کو مقرر کیا گیا ہے۔واشنگٹن اور تہران جمعرات کے روز سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جوہری مذاکرات کے تیسرے دور کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ مذاکرات ایک ایسے ماحول میں ہو رہے ہیں جہاں عسکری دباؤ، باہمی دھمکیوں اور سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ چکی ہے۔