تاثیر 26 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سون پر دہری، 26 فروری: بہار کے روہتاس ضلع میں قومی شاہراہ پر دہری مفصل تھانہ کے علاقے میں سورا گاؤں کے قریب تمل ناڈو سے سیاحوں کو لے جارہی ٹریول نے پیچھے سےٹرک کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں ایک سیاح کی موت ہو گئی اور 19 دیگر زخمی ہو گئے۔ مسافر میں چوبیس افراد سوار تھے۔ زخمیوں کو نارائنا میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تمل ناڈو کے کانچی پورم سے سیاحوں کو لے جارہی ٹریول نے جمعرات کی صبح ایک ٹرک کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ تمل ناڈو کے کانچی پورم کے ابراہیم اسٹریٹ کے رہنے والے 72 سالہ راجو ایم کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ڈرائیور سمیت 19 لوگ زخمی ہوگئے۔
سیاحوں کو کھانا پہنچانے والے وارانسی کے ایک زخمی سنجے پال کے مطابق کانچی پورم کے 24 سیاح ٹریول میں وارانسی سے گیا جا رہے تھے۔ تقریباً 3 بجےڈرائیور سونو پال سو گیا اور پیچھے سے ٹرک سے ٹکرایا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ٹریول سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔ زخمیوں میں کویتا (47)، کیل کنن (50)، سلوا (43)، دیویا درشنی (19)، کے پاری (10)، سریلاتھا (50)، اور بالاجی کے (49) شدید زخمی ہیں۔
تھانہ انچارج نتیش کمار کے مطابق مرنے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ متوفی کے اہل خانہ چنئی روانہ ہو گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کی جانچ جاری ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

