تاثیر 27 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 27 فروری :تھانے میں ہولی سے قبل ہی ’’ایڈوانس ہولی‘‘ کے رجحان نے تشویشناک صورت اختیار کر لی ہے جہاں طلبہ پلاسٹک کی تھیلیوں میں پانی بھر کر سڑک پر چلنے والے افراد پر غبارے پھینک رہے ہیں۔ اس اچانک حملے سے نہ صرف راہگیر زخمی ہو رہے ہیں بلکہ گاڑیوں کا توازن بگڑنے سے بڑے حادثات کا اندیشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ اسکول اور کالج کے طلبہ غبارے پھینکنے کے بعد شور مچاتے ہوئے بھاگ جاتے ہیں جبکہ اس عمل کے خطرناک نتائج پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ حساس اعضا جیسے آنکھ، ناک، کان یا گردن پر غبارہ لگنے سے شدید چوٹ آ سکتی ہے۔ خاص طور پر دوپہر اور شام کے وقت مرکزی سڑکوں پر اس طرح کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اگرچہ تھانے میونسپل کارپوریشن نے پلاسٹک تھیلیوں پر پابندی کا اعلان کیا ہے، لیکن کئی دکانوں میں یہ تھیلیاں کھلے عام 10 سے 20 روپے میں فروخت ہو رہی ہیں۔ اس صورتحال پر ناراض شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پابندی نافذ ہے تو بازار میں فروخت کیسے جاری ہے، جس سے انتظامیہ کی کارروائی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

