سنجے کمار جھا کی قیادت میں متھلانچل سمیت شمالی بہار میں ترقی کی نئی تاریخ رقم: نظرعالم

تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ (فصاامام): جنتادل (یونائیٹڈ) کے رکن اور آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے کہا ہے کہ بہار کی سیاست میں جنتادل (یونائیٹڈ) کے قائم مقام صدر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے کمار جھا نے اپنی مدبرانہ قیادت، سیاسی بصیرت اور متوازن طرزِفکر کے ذریعے ایک مضبوط شناخت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنجے کمار جھا نہ صرف پارٹی کی قیادت کو مؤثر انداز میں سنبھالے ہوئے ہیں بلکہ راجیہ سبھا میں بھی بہار، خصوصاً متھلانچل اور پورے بہار کے مسائل کو بھرپور انداز میں قومی سطح پر اٹھارہے ہیں۔نظرعالم نے کہا کہ جنتادل (یونائیٹڈ) کی تنظیمی مضبوطی اور سیاسی استحکام میں سنجے کمار جھا کا کردار نہایت اہم اور تاریخی نوعیت کا ہے۔ ان کی قیادت میں پارٹی نے ترقی، اچھی حکمرانی، سماجی انصاف اور ہم آہنگی کو اپنی بنیادی ترجیح بنایا ہے، جس کا مثبت اثر زمینی سطح پر صاف طور پر نظر آرہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں این ڈی اے اتحاد نے بہار میں ترقی کا ایک مضبوط ماڈل پیش کیا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی فراہمی، تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری، پینے کے صاف پانی کی سہولت، خواتین کو بااختیار بنانا اور سماجی انصاف کے میدان میں کیے گئے اقدامات نے ریاست کی شبیہ کو قومی سطح پر بہتر بنایا ہے۔نظرعالم نے کہا کہ متھلانچل سمیت پورے بہار میں جاری تیز رفتار ترقی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ترقیاتی سفر پر جنتادل (یونائیٹڈ) کے کارکنان، قائدین اور عام عوام کو فخر حاصل ہے-