صفائی مہم میں تیزی، پلاسٹک کے خلاف چھاپے ، 37 افراد پر کچرا پھینکنے کا جرمانہ

تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لاتور ، 28روری :لاتور میونسپل کارپوریشن نے شہر کو پلاسٹک سے پاک بنانے اور صفائی نظام بہتر کرنے کیلئے خصوصی مہم شروع کر دی ہے جس کے تحت سنگل یوز پلاسٹک استعمال کرنے والوں اور کچرا کھلے میں پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ یہ کارروائی میئر جے شری سونکامبلے اور میونسپل کمشنر مانسی کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر وسودھا فڈ کی نگرانی میں انجام دی جا رہی ہے۔
اوسہ روڈ کے زون بی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سنگل یوز پلاسٹک استعمال کرنے والے دکانداروں سے 2 کلو کیری بیگ ضبط کیے گئے اور ان پر 12 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 12 کلو پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ کھلے میں کچرا پھینکنے والے 37 افراد اور کچرا جلانے والے 5 شہریوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 18 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔