ایئر انڈیا کی تل ابیب جانے والی پرواز کا رخ ممبئی ڈائیورٹ

تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28 فروری : ٹاٹا کی قیادت والی ایئر لائن ایئر انڈیا نے ہفتہکو اپنی نئی دہلی-تل ابیب کی پرواز کو اسرائیلی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے درمیانی راستے سے ممبئی کی طرف موڑ دیا۔ اسرائیل نے ایران پر حملے کئے ہیں، جس کے بعد کچھ فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔
ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا’’ 28 فروری کو نئی دہلی سے تل ابیب کے لیے چلائی گئی فلائٹ نمبراے آئی -139 اسرائیل میں فضائی حدود بند ہونے اور مسافروں و عملے کی حفاظت کے لیے ہندوستان واپس آ رہی ہے۔‘‘ ایئر انڈیا کی یہ پرواز نئی دہلی سے تل ابیب جا رہی تھی۔ ائیر انڈیا نے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے یکم مارچ سے اسرائیل کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
ایئر لائن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فلائٹ اے آئی -139 کو ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ کمپنی نے کہا،’’ہم اپنے فلائٹ آپریشنز کے لیے حفاظت اورسلامتی کے ماحول کا جائزہ لیتے رہیں گے اور ضرورت کے مطابق آپریشنز کو ایڈجسٹ کریں گے۔‘‘