پکنک گارڈن کی مسجد عائشہ میں تراویح کی تکمیل، ہندو مسلم یکجہتی کا حسین منظر

تاثیر 01 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، یکم مارچ (شبانہ) وارڈ نمبر 66 کے تحت پکنک گارڈن کے بڑتلہ علاقے میں واقع مسجد عائشہ میں رمضان المبارک کی دسویں تاریخ کو نمازِ تراویح کی تکمیل عمل میں آئی۔ اس موقع پر مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ایک دلکش مثال دیکھنے کو ملی جب ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے مقامی بھائیوں اور بہنوں نے مسجد پہنچ کر امامِ مسجد مولانا محمد ناظم اور ان کے صاحبزادے مولانا محمد آفتاب سمیت نمازیوں کا پھول پیش کرکے اور چادر اوڑھا کر پرتپاک استقبال کیا۔
اس روح پرور منظر نے کولکاتا کی گنگا جمنی تہذیب کو ایک بار پھر نمایاں کیا اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی احترام اور محبت کا پیغام دیا۔ مقامی افراد نے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ صبر، اخوت اور انسانیت کا درس دیتا ہے اور اسی جذبے کے تحت سبھی مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔
اس موقع پر وارڈ نمبر 66 کے اقلیتی سیل کے صدر محمد عرفان کے علاوہ بولا دی، فردوس، تاپسی دی، منورما دی، پانچو دا، باپی دا اور ترنمول کانگریس کے دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔
مقررین نے کہا کہ مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا سے ملک کی دیگر ریاستوں کو اتحاد و یکجہتی کا جو پیغام دیا جا رہا ہے، وہ سماجی ہم آہنگی کے لیے نہایت اہم ہے۔ حاضرین نے اس بات پر زور دیا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہی ملک کی اصل طاقت ہے اور اسے ہر حال میں برقرار رکھا جانا چاہیے۔