تاثیر 01 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، یکم مارچ ۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مرکزی وزیر جنگلات بھوپیندر یادو کی جانب سے ہفتہ کو افریقہ کے بوٹسوانا سے لائے گئے 9 چیتے کونو نیشنل پارک میں چھوڑے گئے ہیں۔ اس اہم قدم نے جنگلی حیات کے تحفظ کی سمت میں مدھیہ پردیش کی ساکھ مزید بڑھائی ہے۔ جنگلی حیات کو لے کر ہندوستان کا نام دنیا میں قائم ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اتوار کو گوالیار ہوائی اڈے پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے جنگلات، حیاتیاتی تنوع کے نقطہ نظر سے مسلسل خوشحال ہو رہے ہیں۔ ایشیا سے جو چیتا ناپید ہونے کے دہانے پر تھا، آج اس کی نسل دوبارہ آباد ہو رہی ہے۔ ریاست میں اب چیتوں کی کل تعداد 48 ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی مدھیہ پردیش، ملک میں سب سے زیادہ ٹائیگر، سب سے زیادہ چیتوں والی ریاست بن گیا ہے۔ گھڑیال کے معاملے میں بھی مدھیہ پردیش، ملک میں نمبر ون ہے۔ گزشتہ دنوں گدھوں کی گنتی کے مطابق بھی ریاست حیاتیاتی تنوع میں خوشحال ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج بھی کونو ندی میں نایاب نسل کے کچھوے اور گھڑیال چھوڑے جا رہے ہیں۔ یہ ریاستی حکومت کی آبی حیات کو فروغ دینے کی اسکیم کا حصہ ہے۔ جنگلی حیات کے تحفظ سے بڑھتے حیاتیاتی تنوع سے ریاست میں سیاحت کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی لوگوں کو مل رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کی کوشش ہے کہ ان سرگرمیوں کا فائدہ سب کو ملے۔

