تاثیر 02 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج(محمد شاداب غیور)مقدس ماہِ رمضان کے موقع پر سماجی ہم آہنگی اور خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنکپور کے رہائشی سابق پرمکھ و راجد لیڈر مشتاق عالم نے ہر سال کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی اپنے ذاتی رہائش گاہ پر سیکڑوں ضرورت مند لوگوں میں رمضان کِٹس تقسیم کیں۔ پروگرام کا انعقاد کنکپور میں واقع ان کے رہائشی احاطے میں کیا گیا، جہاں صبح سے ہی مستحقین کی بڑی تعداد موجود رہی۔ رمضان کِٹ میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیائے خوردونوش جیسے سوی، موڑی، کھجور، کپڑا اور دیگر ضروری سامان شامل تھا، تاکہ روزہ داروں کو افطار اور سحری کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تقسیم کے عمل کو منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے رضاکاروں کی ایک ٹیم بھی موجود تھی، جنہوں نے قطار بندی کے ذریعے لوگوں کو سامان فراہم کیا۔ اس موقع پر مشتاق عالم نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ایثار، خدمت اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کو آگے بڑھ کر ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیے تاکہ ہر شخص عزت و وقار کے ساتھ اس بابرکت مہینے کی عبادت کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ مستحقین کی مدد کرنا ان کے خاندان کی پرانی روایت رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ پروگرام میں مقامی معززین، سماجی کارکنان اور علاقے کے متعدد نوجوان بھی شریک ہوئے۔ کِٹ حاصل کرنے والوں نے اس اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے غریب خاندانوں کے لیے بڑی راحت قرار دیا۔ اس تقریب نے علاقے میں بھائی چارے اور سماجی یکجہتی کا مثبت پیغام دیا۔

