اسرائیلی فوج نے ایک لاکھ ریزرو فوجیوں کو طلب کر لیا، نیتن یاہو کی ایران کو دھمکی

تاثیر 02 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،02مارچ:اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر مشترکہ حملے کے فریم ورک کے تحت لگ بھگ ایک لاکھ ریزرو فوجیوں کو متحرک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ایران کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن “رور آف دا لائن” یا آپریشن “شیر کی دھاڑ” کے تحت تمام شعبوں میں اپنی تیاریوں کو تیز کر رہی اور طلب کیے گئے ایک لاکھ فوجیوں کی آمد کی تیاری کر رہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو تہران پر فضائی حملوں میں اضافے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف مہم میں تمام فوجی قوتوں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ نیتن یاہو نے ایک ٹیلی ویڑن بیان میں کہا کہ میں نے مہم جاری رکھنے کی ہدایات دی ہیں، ہماری افواج اب تہران کے قلب میں پوری شدت کے ساتھ ضربیں لگا رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔صہیونی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسی مہم میں مصروف ہیں جس میں اسرائیلی فوج اپنی مکمل طاقت کو اس طرح متحرک کر رہی ہے جیسا پہلے کبھی نہیں ہوا تاکہ اپنے وجود اور مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کا ملک مشکل دنوں سے گزر رہا ہے۔