تاثیر 06 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جونپور، 6 مارچ : اتر پردیش کے جونپورضلع کے مچھلی شہر لوک سبھا حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ پریا سروج کی کوششوں کی بدولت، لکھنؤ- وارانسی سپر فاسٹ شٹل ایکسپریس (20401/20402) کا اب جلال گنج ریلوے اسٹیشن پر بھی اسٹاپیج شروع ہو گیا ہے۔ جمعہ کو، ٹرین اپنی مقررہ وقت پر جلال گنج اسٹیشن پہنچی، جہاں پہلے سے موجود سینکڑوں مقامی باشندوں اور سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے ڈھول -نگاڑے بجا کر ٹرین کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ریلوے حکام کی موجودگی میں رکن پارلیمنٹ پریا سروج نے ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس اسٹیشن پر ٹرین کے اسٹاپیج (ٹھہراو)سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے اسے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کے طور پر سراہا۔
رکن پارلیمنٹ پریا سروج نے بتایا کہ علاقے کے لوگ طویل عرصے سے جلال گنج اسٹیشن پر بڑی ٹرینوں کے رکنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہوں نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بھی یہ مسئلہ اٹھایا تھا اور ریلوے کے وزیر کو ایک خط لکھا تھا، جس میں انہیں جلال گنج اسٹیشن پر ٹرینوں کے ٹھہراو کی ضرورت سے آگاہ کیا تھا۔

