کٹھوعہ پولیس نے قومی شاہراہ کے کنارے ہوٹلوں میں چھاپے مارے

تاثیر 06 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 06 مارچ : کٹھوعہ شہر میں شہید کیپٹن سنیل چودھری چوک کے قریب واقع ایک نجی ہوٹل سمیت قومی شاہراہ کے کنارے قائم کئی ہوٹلوں پر کٹھوعہ پولیس نے اچانک چھاپہ مار کر جانچ مہم چلائی۔ تقریباً ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس کارروائی کے دوران پولیس نے ہوٹل کے کمروں اور رجسٹر کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ جانچ کے دوران ہوٹل میں چند جوڑے موجود پائے گئے، جن میں بعض نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بطور بوائے فرینڈ اور گرل فرینڈ بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق موقع پر موجود تمام نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بالغ پائے گئے۔ پولیس نے ہوٹل کے رجسٹر اور دیگر ریکارڈ کی بھی جانچ کی، تاہم کسی قسم کی قابلِ اعتراض یا غیر قانونی سرگرمی سامنے نہ آنے پر سبھی کو سخت وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

پولیس نے ہوٹل مالک کو بھی سخت ہدایت دی کہ اگر مستقبل میں ہوٹل میں کسی قسم کی فحاشی یا غیر قانونی سرگرمی پائی گئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس دوران کٹھوعہ پولیس نے قومی شاہراہ کے کنارے واقع کئی دیگر ہوٹلوں میں بھی چھاپہ مار کر وہاں کے رجسٹر اور ریکارڈ کی جانچ کی۔ پولیس نے ہوٹل مالکان کو ہدایت دی کہ وہ مہمانوں کا اندراج درست طریقے سے کریں اور تمام حفاظتی و قانونی ضابطوں کی سختی سے پابندی کریں۔