ویدانتا کا خواتین کی نمائندگی 35 فیصد تک بڑھانے کا ہدف

تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 07/ مارچ (تاثیر بیورو) عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ویدانتا گروپ نے اپنے ادارے کے تمام شعبوں میں خواتین کی نمائندگی کو بڑھا کر 35 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی نے ہارٹ دی کو کے نام سے ایک قومی مہم شروع کی ہے اور لنکڈ اِن کے تعاون سے خصوصی ہائرنگ ڈرائیو بھی شروع کی ہے، جس کے ذریعے خواتین کو مائننگ، میٹلز، آئل اینڈ گیس، پاور اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں کیریئر بنانے کی دعوت دی جا رہی ہے۔
صنعتی سروے کے مطابق 2023-24 میں ہندوستانی صنعتوں میں براہِ راست کام کرنے والی خواتین کی شرح تقریباً 18 فیصد رہی، جبکہ مائننگ اور میٹلز جیسے بنیادی شعبوں میں یہ شرح صرف 6 فیصد ہے۔ اس کے برعکس ویدانتا میں اس وقت خواتین ملازمین کی شرح 23 فیصد ہے، جو صنعتی اوسط سے زیادہ ہے۔
ویدانتا لمیٹڈ کی نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ہندستان زنک لمیٹڈ کی چیئرپرسن پریا اگروال ہیبّر نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے خواتین کی مکمل شمولیت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی مستقبل میں خواتین کی نمائندگی کو 35 فیصد تک بڑھانے اور بعد ازاں اسے 50 فیصد تک لے جانے کا ہدف رکھتی ہے۔ ان کے مطابق اس مہم کا مقصد خواتین کو بنیادی صنعتوں میں آگے آنے کے لیے حوصلہ دینا اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔