تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 07 مارچ :۔ ضلع ڈوڈہ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے بی پی ایل اور اے اے وائی زمرے کے کنبوں کے لیے شروع کی گئی اسٹیٹ میریج اسسٹنس اسکیم مالی طور پر کمزور والدین کے لیے بڑی راحت ثابت ہو رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت دی جانے والی مالی امداد سے جہاں غریب کنبوں کا بوجھ کم ہوا ہے وہیں بیٹیوں کی پیدائش کے حوالے سے سماجی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
حکام کے مطابق اس اسکیم کے ذریعے بیٹیوں کی شادی کے لیے مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے جس سے والدین کو معاشی سہارا مل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کے تحت لڑکیوں کو تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ شادی کے موقع پر بھی سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے ضلع آفیسر زبیر احمد نے بتایا کہ پہلے بی پی ایل اور اے اے وائی زمرے کے تحت آنے والے کنبوں کو لڑکیوں کی شادی کے لیے 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جاتی تھی، تاہم حکومت نے اب اے اے وائی زمرے کے مستحق کنبوں کے لیے اس رقم کو بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دیا ہے۔

